پشاور (آئی این پی ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عوام کی آواز نہیں سنیں گے تو ملک اور جمہوریت کیلئے سنگین خطرات ہوں گے،نااہلیوں کا سیزن اب ختم ہونا چاہییے یہ مسئلے کا حل نہیں، ہم 180 سیٹیں جیت چکے تھے، 90 سیٹوں کے ساتھ اسمبلی میں گئے اب 77 سیٹیں رہ گئی ہے،ہمارے چیئرمین عمران احمد خان نیازی ہیں آج بھی ہیں اور کل بھی رہیں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے نااہلی کے نوٹیفکیشن پر مزید کارروائی کو روک دیا، ناانصافیوں کا سلسلہ اب رک جانا چاہیے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جارہا ہے، ہمارے ساتھ زیادتی اور ناانصافی ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہمیں سنا نہیں، نوٹس بھیجا نہیں اور راتوں رات ہمیں نااہل کیا گیا۔