ہاف فرائی فل فرائی کیا ہوتا ہے؟ جسٹس جمال مندوخیل

 ہاف فرائی میں ٹانگ پر گولی لگتی ہے اور فل فرائی میں مار دیا جاتا ہے:ملزم کے وکیل کی وضاحت
اسلام آباد(آن لائن)سپریم کورٹ نے پولیس پر فائرنگ کے الزام میں گرفتار ملزم ارشاد کی ضمانت منظور کر لی۔سماعت جسٹس جمال مندوخیل کی سربراہی میں ہوئی۔ ملزم کے وکیل مطیع اللہ نے موقف اختیار کیا کہ یہ مقدمہ ملزم کی گرفتاری کے بعد بنایا گیا ہے۔ وکیل نے کہا کہ ملزم کو  ہاف فرائی کیا گیا ہے  فل فرائی نہیں۔جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ آپ خوش قسمت ہیں کہ ساتھی کی فائرنگ سے صرف ٹانگ پر گولی لگی اور یہ ملزم ساتھی کی فائرنگ سے مرا نہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ  ہاف فرائی فل فرائی کیا ہوتا ہے؟ جس پر وکیل نے بتایا  ہاف فرائی میں ٹانگ پر گولی لگتی ہے اور فل فرائی میں مار دیا جاتا ہے۔سرکاری وکیل نے بتایا کہ ملزم پر پہلے بھی سولہ سے زائد مقدمات ہیں۔ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ پھر تو بہتر ہے ملزم جیل میں رہے۔ ہو سکتا ہے ملزم باہر آ کر ساتھیوں کی فائرنگ سے مر جائے۔ انہوں نے کہا کہ کیا یہ لوگ اللہ سے نہیں ڈرتے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہتے ہیں تو ضمانت دے دیتے ہیں ورنہ ملزم جیل میں محفوظ ہے اور سرکاری خرچ پر اس کی حفاظت کی جا رہی ہے۔