اشیائے ضروریہ کی فراہمی کی ذمہ داری پریڑن فائونڈیشن سنبھالے گی:حکام
لاہور (کرائم رپورٹر ) پنجاب کی مختلف جیلوں میں قید 65 ہزار قیدیوں کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں مشکلات پیدا ہوگئیں۔ یوٹیلٹی سٹورز کے بند ہونے کے بعد قیدیوں کو بنیادی اشیا دستیاب نہ ہونے کی شکایات بڑھ گئیں۔جیل حکام کے مطابق اب اشیائے ضروریہ کی فراہمی کی ذمہ داری پریڑن فائونڈیشن سنبھالے گی اور جیلوں کے اندر 48 بنیادی اشیا کی فراہمی کے لیے پریڑن فائونڈیشن کے زیر نگرانی شاپس قائم کی جائیں گی۔ ان اشیا کی قیمتیں مارکیٹ ریٹس کے مطابق مقرر ہوں گی۔ابتدائی طور پر کیمپ جیل لاہور میں پریڑن فائونڈیشن شاپ کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کے بعد منصوبے کو پنجاب کی دیگر جیلوں تک توسیع دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق آئی جی جیل خانہ جات کی سربراہی میں شاپس کے قیام کا عمل تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے محکمہ داخلہ نے یوٹیلٹی سٹورز کی بندش کے بعد اعلیٰ افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی تھی، جس کی سفارشات پر اب پریڑن فائونڈیشن کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔