3مقابلے،6زیر حراست ملزم ہلاک

 جوبلی ٹائون میں الیاس، چوہنگ میں ارشاد، ابراہیم، فاروق، دوموریہ پل کے پاس اسلم ، جمیل مارے گئے 
لاہور (کرائم رپورٹر )لاہور میں سی سی ڈی کے مبینہ مقابلے جاری،جوبلی ٹائون، چوہنگ اور دو موریہ پل میں 6زیرحراست ملزم ہلاک ہوگئے پولیس کے مطابق تمام زیرحراست ملزموں کو چھڑانے آنیوالے انکے ساتھیوں نے گولیوں کا نشانہ بنایا، جبکہ اس دوران وہ دو زیرحراست ملزموں کو بھی چھڑا کر فرار ہوگئے۔ پولیس کا کہنا کہ پہلا واقعہ صوبائی دارالحکومت کے علاقہ جوبلی ٹائون میں پیش آیا جہاں زیرحراست ملزم الیاس منشا اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں سے ہلاک ہوا۔ دوسرا واقعہ چوہنگ میں ہوا، جہاں ارشاد، ابراہیم اور فاروق مارے گئے۔ تیسرا واقعہ دو موریہ پل کے قریب پیش آیاجہاں اسلم اور جمیل فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہوئے۔ پولیس کے مطابق ان ملزمان کو ریکوری کیلئے لیجایا جا رہا تھا کہ ان کے ساتھیوں نے حملہ کیا۔