سی سی ڈی اہلکار الیاس منشاء کو ریکوری کیلئے لے جا رہے تھے ، ساتھیوں نے چھڑوانے کے لیے حملہ کر دیا ، زد میں آکر منشا مارا گیا
ارشاد ،ابراہیم، فاروق ، اسلم اور جمیل ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گئے،لاشیں مردہ خانے منتقل،فرار ملزمان کی تلاش
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور شہر میں ڈاکوئوں نے جدید فورس سی سی ڈی کے زیر حراست اپنے ہی 6 ساتھی مار دیے اور دو ساتھیوں کو لے کر فرار ہو گئے ۔جدید ہتھیاروں سے لیس پولیس اہلکار نہ زیر حراست ملزمان کو بچا سکے اور نہ ہی حملہ آور پکڑے جا سکے۔ تفصیلات کے مطابق چوہنگ سی سی ڈی کے اہلکار زیر حراست ملزم الیاس منشاء کو ریکوری کے لیے جوبلی ٹائون لے جا رہے تھے کہ اس کے ساتھیوں نے اسے چھڑوانے کے لیے حملہ کر دیا ۔جس کی زد میں آکر الیاس منشا مارا گیا اس کاروائی کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے۔ دوسرے مقابلے میں سی سی ڈی چوہنگ کے ہی زیرحراست ملزمان ارشاد ،ابراہیم اور فاروق بھی اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے جبکہ مبینہ مقابلہ میں سی سی ڈی اہلکار محفوظ رہے تیسرا مقابلہ دو موریہ پل کے قریب ہوا جہاں پولیس کی زیرحراست دو ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گئے ۔جن کی شناخت اسلم اور جمیل کے نام سے ہوئی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ سی سی ڈی ملزمان کو ریکوری کے لئے لوہے والی پلی لیکر گئی تھی جہاں ان کے ساتھیوں نے حملہ کر دیا ۔ جس کے نتیجے میں ان کے دو ساتھی مارے گئے اور سی سی ڈی کے زیرحراست ایک ملزم فرار ہو گیا۔ جس کی تلاش جاری ہے۔