بھارتی اداکارہ کرشمہ شرما، جو ویب سیریز ”راگنی ایم ایم ایس ریٹرنز“ سے شہرت حاصل کر چکی ہیں، چلتی ہوئی لوکل ٹرین سے چھلانگ لگانے کے باعث شدید زخمی ہوگئیں۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب 31 سالہ اداکارہ چرچ گیٹ میں شوٹنگ کے لیے جا رہی تھیں۔ ساڑھی پہن کر ٹرین میں سوار ہونے کے بعد انہوں نے دیکھا کہ ان کے دوست سوار نہیں ہو سکے، خوف کے عالم میں انہوں نے ٹرین سے چھلانگ لگا دی۔ اس دوران وہ پیچھے کی طرف گریں اور ان کا سر زور سے زمین سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں سر اور کمر پر شدید چوٹیں آئیں۔کرشمہ شرما نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا:"میری کمر پر چوٹ آئی ہے، سر سوج گیا ہے اور جسم پر نیل پڑ گئے ہیں۔ ڈاکٹرز نے ایم آر آئی کی ہے اور مجھے ایک دن کے لیے آبزرویشن پر رکھا گیا ہے۔ میں مسلسل درد میں ہوں، مگر حوصلہ رکھ رہی ہوں۔ براہ کرم میری صحتیابی کے لیے دعا کریں۔"
اداکارہ کے قریبی دوستوں نے بھی اسپتال سے ان کی تصاویر شیئر کی ہیں اور مداحوں سے دعا کی اپیل کی ہے۔ ایک دوست کے مطابق حادثے کے بعد کرشمہ کو زمین پر بے حال پایا گیا اور وہ کچھ بھی یاد نہیں کر پا رہی تھیں۔سوشل میڈیا پر مداحوں کی بڑی تعداد نے ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کے پیغامات بھیجے ہیں۔کرشمہ شرما نے بالی وڈ کی فلموں اور ویب سیریز جیسے ”پیار کا پنچنامہ 2“، ”اُجڑا چمن“ اور ”راگنی ایم ایم ایس ریٹرنز“ میں کام کر کے پہچان بنائی ہے۔