مون سون بارشیں مزید دو سے 3 روز جاری رہیں گی :چیئرمین این ڈی ایم اے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نیشنل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفیٹننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا ہے  آئندہ 2 سے 3روز مون سون جاری رہے گا، ہیڈ پنجند اور گڈو بیراج پر پانی کا بہائو تیز ہے تاہم ستلج، راوی اور چناب میں صورت حال قابو میں ہے۔وفاقی وزیر مصدق ملک کے ہمراہ سیلاب کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے جنرل انعام حیدر ملک نے کہا کہ ستلج، راوی اور چناب کے علاقوں میں صورت حال کنٹرول میں ہے جبکہ ملک بھر میں ریسکیو آپریشنز جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 24لاکھ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، سندھ میں ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، امدادی سرگرمیوں میں مصروف فلاحی اداروں کے مشکور ہیں۔لیفٹننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا  16سے 18ستمبر کے دوران وسطی پنجاب اور آزاد کشمیر میں بارش کا امکان ہے، موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر اقدامات کرنا ہوں گے، درجہ حرارت بڑھنے کی وجہ سے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں۔وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا  موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے دنیا بدل رہی ہے، وزیر اعظم نے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے موسمیاتی ایمر جنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثرہ ملکوں میں شامل ہے۔