ایف آئی اے امیگریشن نے دو مسافروں کو آف لوڈ کرکے مزید تفتیش شروع کردی
کراچی (خصوصی رپورٹ) ایف آئی اے امیگریشن کراچی کی بروقت کارروائی کے دوران عمرہ مسافروں کے ذریعے یورپ اسمگلنگ کے نئے مبینہ روٹ کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ دو مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا۔ ایف آئی اے امیگریشن نے انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت کی روک تھام کے لیے کارروائی کرتے ہوئے عمرہ کے لیے سفر کرنے والے اعظم علی اور محمد سفیان کو تفصیلی پوچھ گچھ کے بعد آف لوڈ کیا اور مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (اے ایچ ٹی سی) کراچی کے حوالے کر دیا۔ دورانِ پوچھ گچھ مسافروں نے انکشاف کیا کہ ایک مبینہ ایجنٹ عمرہ کے سفر کو استعمال کرتے ہوئے انہیں سعودی عرب سے مصر، پھر لیبیا اور وہاں سے کشتی کے ذریعے اٹلی پہنچانے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق گجرات کے رہائشی ابوبکر نامی مبینہ ایجنٹ نے اس سفر کے لیے مجموعی طور پر 40 لاکھ روپے میں معاملہ طے کیا تھا۔ حکام کی جانب سے معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے