کراچی (آئی این پی )ایف آئی اے امیگریشن کراچی کی بروقت کارروائی میں عمرہ مسافروں کے ذریعے یورپ اسمگلنگ کے نئے مبینہ روٹ کا انکشاف ہوا ہے جس میں 2 مسافر آف لوڈ بھی کردئیے گئے۔ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت کی روک تھام کیلئے کارروائی کرتے ہوئے دو عمرہ مسافروں، اعظم علی اور محمد سفیان کو تفصیلی پوچھ گچھ کے بعد آف لوڈ کردیا۔ مزید تفتیش کیلئے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (اے ایچ ٹی سی )کراچی کے حوالے کردیا ہے ۔دورانِ پوچھ گچھ مسافروں نے انکشاف کیا کہ مبینہ ایجنٹ عمرہ کے سفر کو استعمال کرتے ہوئے سعودی عرب سے مصر، پھر لیبیا اور وہاں سے کشتی کے ذریعے اٹلی پہنچانے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔ اس مبینہ راستے کے ذریعے غیر قانونی طور پر یورپ پہنچانے کی کوشش سے متعلق معلومات سامنے آئی ہیں۔ابتدائی معلومات کے مطابق، ابوبکر نامی مبینہ ایجنٹ، رہائشی گجرات نے اس سفر کیلئے مجموعی طور پر 40 لاکھ روپے میں معاملہ طے کیا تھا۔