مہناز معمر رانا کو ایک موقع دیں‘ نیئر اعجاز

لاہور (شوبز ڈیسک) سینئر اداکار نیئر اعجاز نے حال ہی میں خلع لینے والی مہناز معمر سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے شوہر اداکار معمر رانا کو ایک موقع اور دیں۔گزشتہ دونوں نیئر اعجاز نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پاکستانی فلمی دنیا، اپنے ساتھی فنکاروں سمیت مختلف امور پر کھل کر بات چیت کی۔دورانِ انٹرویو سینئر اداکار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں موجودہ صورتِ حال کے ذمے دار معمر رانا خود ہیں، کیونکہ انہیں وقت کے ساتھ زیادہ سمجھ داری اور پختگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ مومی کے خلع کی کارروائی نے مجھے اندر سے بہت دکھی کر دیا ہے، ہماری بھابھی مہناز معمر سے میری درخواست ہے کہ وہ انہیں صرف ایک اور موقع دیتے ہوئے ان سے صلح کر لیں، اگر اس کے بعد بھی ایسے واقعات پیش آئیں تو وہ اپنے راستے الگ کر سکتی ہیں۔نیئر اعجاز نے اپیل کی کہ معمر رانا کے اہلِ خانہ اور سوشل میڈیا صارفین ایسے بیانات دینے سے گریز کریں جن میں ان پر بدسلوکی، جھگڑالو رویے یا نشے کی حالت میں اہلِ خانہ پر تشدد کرنے کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔