اسلام آباد (آن لائن) بیرون ملک پاکستانی تجارتی مفادات کے فروغ اور تجارتی مشنز کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے حکومت نے سرکاری ملازمین کی بیرون ملک تعیناتی کے حوالے سے نئی میرٹ پالیسی متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت کمرشل اسسٹنٹس، ڈرائیورز، میسنجر کم ڈرائیورز اور سیکیورٹی گارڈز کی تعیناتی کے لیے شفاف انتخابی طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت امیدواروں کے لیے تحریری امتحان، مہارت کا ٹیسٹ اور انٹرویو لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ بیرون ملک تعیناتی کو اہلیت، کارکردگی، تجربے اور سنیارٹی سے مشروط کر دیا گیا ہے۔وزارت تجارت کی نئی پالیسی کے مطابق کمرشل اسسٹنٹس کے انتخاب میں تحریری امتحان کو 60 فیصد، انٹرویو کو 30 فیصد اور سابقہ کارکردگی کو 10 فیصد وزن دیا جائے گا۔ تحریری امتحان مجموعی طور پر 70 نمبروں پر مشتمل ہوگا، جبکہ مہارت کے ٹیسٹ کے لیے 30 نمبر مختص کیے گئے ہیں۔ امتحان میں 50 فیصد سے کم نمبر حاصل کرنے والے امیدوار نااہل قرار پائیں گے