بیرون ملک تربیت اور ڈیپوٹیش سے واپسی پر افسروں کیلئے ڈگری تصدیق ‘ مالی ضمانت لازمی قرار

 سرکاری خرچ پر بیرونِ ملک تربیت اور تعلیمی دوروں کو اب غیر معینہ مدت کی رخصت تصور نہیں کیا جائے گا: اسٹیبلشمنٹ ڈویژن
اسلام آباد(آئی این پی) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے بیرونِ ملک اور ملک کے اندر تعلیمی پروگراموں، وظائف اور ڈیپوٹیشن سے واپس آنے والے سول سرونٹس کیلئے ڈگریوں کی تصدیق اور مالی ضمانتوں کی کڑی نگرانی سے متعلق سخت لازمی شرائط عائد کردی ہیں۔  نئے جاری کردہ ایس او پیز  کے تحت حکومت نے واضح کردیا ہے کہ سرکاری خرچ پر بیرونِ ملک تربیت اور تعلیمی دوروں کو اب غیر معینہ مدت کی رخصت تصور نہیں کیا جائے گا جب کہ قواعد کی خلاف ورزی پر ملازمت اور مالی معاملات میں سخت سزاں کا نظام متعارف کرا دیا گیا ہے۔  تعلیمی رخصت کے بعد بیرونِ ملک جامعات یا ملک کے اندر تعلیمی پروگراموں سے واپس آنے والے بیوروکریٹس اکثر اپنی حتمی اسناد جمع کرانے میں تاخیر کرتے تھے تاہم نئے سرکلر نے صورتحال یکسر تبدیل کردی ہے۔  نئے سرکلر کے مطابق تعلیمی رخصت یا بیرونِ ملک وظائف سے واپس آنے والے افسروں کیلئے لازم ہوگا کہ وہ اپنی جوائننگ رپورٹ کے ساتھ ڈگری سرٹیفکیٹ کی مصدقہ نقل یا سرکاری تعلیمی ٹرانسکرپٹ جمع کرائیں، اگر کوئی افسر کسی معقول اور مصدقہ وجہ کے بغیر اپنی ڈگری جمع کرانے میں ناکام رہتا ہے تو اسے باضابطہ طور پر ڈیوٹی سے غیر حاضر تصور کیا جائے گا۔