289 سب انسپکٹرز کی ترقی

لاہور (کرائم رپورٹر )آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے 289 سب انسپکٹرز کوانسپکٹر کے عہدے پر ترقی دے دی۔تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس میں افسروں اور اہلکاروں کی ترقی کا عمل جاری ہے،ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چودھری کی زیرِ صدارت پروموشن بورڈ کے سنٹرل پولیس آفس پنجاب لاہور میں منعقدہ اجلاس میں میرٹ اور قواعد و ضوابط پر پورا اترنے والے 289 سب انسپکٹروں کو انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دیدی گئی، اجلاس میں ڈی آئی جی سلیمان سلطان رانا، ڈاکٹر عابد خان، لیاقت علی ملک، اے آئی جی ڈسپلن اور اے آئی جی لیگل سمیت متعلقہ افسر موجود تھے۔ترقی پانے والے افسروں میں لاہور کے 49، راولپنڈی کے 58، ملتان 21، بہاولپور 23، ساہیوال 14، گوجرانوالہ 33، فیصل آباد 34، ڈی جی خان 22، شیخوپورہ 18 اور سرگودھا کے 17 سب انسپکٹرز شامل ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق حالیہ اجلاس کے بعد رواں سال سب انسپکٹر سے انسپکٹر کے عہدے پر ترقی کیلئے 6 پروموشن بورڈ اجلاس منعقد کئے جاچکے، 1046 افسروں کو انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دی جا چکی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ترقی پانے والے تمام افسروں کو مبارکباد دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ پاکستانیوں کی بے لوث خدمت اور بے خوف حفاظت کریں۔