رواں سال سترہ ہزار سے زائد ملزم گرفتار، بھاری مقدار میں منشیات بر آمد، کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم
لاہور(کرائم رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ”ڈرگ فری پنجاب“ ویڑن کے تحت پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں منشیات فروشوں اور سمگلرز کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر رواں سال 17 ہزار 167 منشیات فروش گرفتار کیے گئے جبکہ 17 ہزار 171 مقدمات درج ہوئے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران 9 ہزار 285 کلوگرام چرس، 1002 کلوگرام ہیروئن، 505 کلوگرام آئس، 510 کلوگرام افیون اور 2 لاکھ 45 ہزار لیٹر سے زائد شراب بر آمد کی گئی۔ لاہور میں 2102 منشیات فروش گرفتار ہوئے جبکہ 2037 مقدمات درج کیے گئے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں، ہاسٹلز اور آن لائن منشیات فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور تمام ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دلوائی جائیں۔