ڈھاکا میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے آخری روز بنگلادیش کی دوسری اننگز جاری ہے، جہاں میزبان ٹیم پاکستان کے خلاف برتری حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
میچ کے پانچویں دن کا آغاز بنگلادیش نے اپنی دوسری اننگز 152 رنز پر 3 وکٹوں کے نقصان سے کیا۔ تاہم جلد ہی چوتھی وکٹ 164 رنز پر گر گئی، جب مشفیق الرحیم 22 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے۔اس کے بعد بنگلادیش کی پانچویں وکٹ 190 رنز پر گری، جب لٹن داس 11 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اس مرحلے پر میزبان ٹیم کو مجموعی طور پر 217 رنز کی برتری حاصل ہو چکی تھی۔پہلی اننگز میں بنگلادیش کی ٹیم 413 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی تھی۔ اس اننگز میں نجم الحسن شانتو نے شاندار 101 رنز اسکور کیے، جبکہ مومن الحق 91 اور مشفیق الرحیم 71 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔پاکستان کی جانب سے بولنگ میں محمد عباس نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ نعمان علی اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ لی۔
پاکستان کی پہلی اننگز میں ٹیم 386 رنز پر آؤٹ ہوئی، جس کے نتیجے میں بنگلادیش کو 27 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ پاکستانی بیٹنگ میں اذان اویس نے 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ عبداللہ فضل 60، محمد رضوان 59 اور سلمان علی آغا 58 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ امام الحق نے 45 رنز بنائے۔بنگلادیش کی جانب سے مہدی حسن میراز نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ تسکین احمد اور تیج الاسلام نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔میچ اب فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔