پنجاب میں 4 اہم ادویات غیر معیاری قرار‘ مارکیٹ سے اٹھانے کا حکم

 اوینڈا سیو  اورل سلوشن میں زہریلا کیمیکل ایتھیلین مقررہ حد سے زیادہ پایا گیا
لاہور(آئی این پی )پنجاب حکومت نے 4 اہم ادویات کو غیر معیاری قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر مارکیٹ سے واپس منگوانے کا حکم دیدیا۔  میڈیارپورٹ کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی رپورٹ کی روشنی میں مختلف ادویات کے مخصوص بیچز کو غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ قرار دیا گیا ہے، صوبائی محکمہ صحت نے انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے یہ اقدام اٹھایا۔ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگ کنٹرول کی طرف سے جاری پبلک نوٹس میں کہا گیا ہے کہ متلی اور قے کے علاج کیلئے استعمال ہونے والا اوینڈا سیو  اورل سلوشن میں زہریلا کیمیکل ایتھیلین گلائیکول مقررہ حد سے زیادہ پایا گیا، اینٹی بائیوٹک انجکشن سپوریکس جراثیم سے پاک ہونے کے معیار پر پورا نہیں اتر سکا، اسی طرح وٹامن بی 12 کا انجکشن نیوکوبال  اور ڈیکسا میتھاسون انجکشن نیوڈیکس  بھی لیبارٹری ٹیسٹ کے دوران ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری قرار دئیے گئے۔بتایا گیا ہے کہ پراونشل کوالٹی کنٹرول بورڈ نے ان ادویات کو کلاس ون کیٹیگری میں رکھتے ہوئے تمام میڈیکل سٹورز، فارمیسیز اور ہسپتالوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان ادویات کی سپلائی اور فروخت فوری طور پر روک دیں اور موجودہ سٹاک مینوفیکچررز کو واپس کرکے اس کی رپورٹ ڈرگ انسپکٹرز کو جمع کروائیں اور مینوفیکچررز بھی پابند ہیں کہ وہ مارکیٹ سے ان ادویات کی واپسی (ریکال)  کو یقینی بنائیں۔