اوینڈا سیو سلوشن میں زہریلا کیمیکل، اسپوریکس انجکشن بھی معیار پر پورا نہ اتر سکا
وٹامن بی 12 کا انجکشن نیوکوبال اور ڈیگزا میتھاسون انجکشن نیوڈیکس بھی ناقص
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب حکومت نے 4 اہم ادویات کو غیر معیاری قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر مارکیٹ سے واپس منگوانے کا حکم دے دیا۔ محکمہ صحت پنجاب نے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی رپورٹ کی روشنی میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے یہ اقدام اٹھایا ہے اور مختلف ادویات کے مخصوص بیچز کو غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ قرار دیا ہے۔ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگ کنٹرول کی جانب سے جاری پبلک نوٹس کے مطابق متلی اور قے کے علاج کے لیے استعمال ہونے والا اوینڈا سیو (Ondasave) اورل سلوشن میں زہریلا کیمیکل ایتھیلین گلائیکول مقررہ حد سے زیادہ پایا گیا، جبکہ اینٹی بائیوٹک انجکشن اسپوریکس (Sporex) جراثیم سے پاک ہونے کے معیار پر پورا نہیں اتر سکا۔ اسی طرح وٹامن بی 12 کا انجکشن نیوکوبال (Neocobal) اور ڈیگزا میتھاسون انجکشن نیوڈیکس (Neudex) بھی لیبارٹری ٹیسٹ کے دوران ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری قرار دیے گئے ہیں۔پراونشل کوالٹی کنٹرول بورڈ نے ان ادویات کو کلاس ون کیٹیگری میں رکھتے ہوئے تمام میڈیکل سٹورز، فارمیسیز اور ہسپتالوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان ادویات کی سپلائی اور فروخت فوری طور پر روک دیں اور موجودہ اسٹاک مینوفیکچررز کو واپس کر کے اس کی رپورٹ ڈرگ انسپکٹرز کو جمع کروائیں۔ مینوفیکچررز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ مارکیٹ سے ان ادویات کی واپسی (ریکال) کو یقینی بنائیں ۔ محکمہ صحت نے عوام کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ ان ادویات کے متاثرہ بیچز کا استعمال فوری طور پر بند کر دیں،کسی بھی منفی اثرات کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔