عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں جمعہ کے روز بھی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث قیمتی دھات مجموعی طور پر ہفتہ وار خسارے کی جانب بڑھ رہی ہے۔
بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں 0.5 فیصد کمی ہوئی جس کے بعد سونا 4 ہزار 193.58 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ کرتا رہا۔ ماہرین کے مطابق ہفتہ وار بنیاد پر سونے کی قیمت میں تقریباً 3.1 فیصد کمی کا امکان ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے خدشات کے باعث سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کر رہے ہیں، جس سے سونے کی طلب متاثر ہوئی ہے۔ماہرین کے مطابق عالمی سیاسی صورتحال، خصوصاً امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی اور ممکنہ سفارتی پیش رفت سے متعلق غیر یقینی صورتحال بھی مارکیٹ پر اثر انداز ہو رہی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر امریکی مرکزی بینک کی جانب سے سخت مالیاتی پالیسی برقرار رکھی گئی تو سونے کی قیمتوں پر مزید دباؤ آ سکتا ہے، جبکہ قیمتیں 4 ہزار ڈالر فی اونس کے قریب بھی آ سکتی ہیں۔رپورٹ کے مطابق دیگر قیمتی دھاتیں بھی دباؤ کا شکار ہیں، اور عالمی کموڈٹی مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کو مسلسل غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔