کشیدہ تعلقات ،سکیورٹی خدشات کے باعث ٹیم نہیں بھیج سکتے،حکومتی ذرائع
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)پاکستان ہاکی ٹیم ایشیا کپ ٹورنامنٹ کھیلنے بھارت نہیں جائے گی،حکومت نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر قومی ہاکی ٹیم کو بھارت جانے سے روک دیا۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ کھیلوں کو سیاست سے بالا تر رکھا ہے لیکن بھارت نے کھیلوں کو ہمیشہ سیاست کی نذر کیا۔ بھارتی میڈیا پاکستان کیخلاف زہر اگل رہا ہے جبکہ انتہا پسند تنظیمیں مختلف سوشل میڈیا اکاوٓنٹس سے پاکستان ہاکی ٹیم کو کھلم کھلا دھمکیاں دے رہی ہیں۔حکومتی ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال، تعلقات کی کشیدگی اور ٹیم کو لاحق سکیورٹی خدشات کو دیکھتے ہوئے کھلاڑیوں کو ایشیا کپ میں شرکت کیلئے بھارت نہیں بھیج سکتے۔ خیال رہے کہ آر ایس ایس سے جڑے اکاوٓنٹس سے بھی پاکستان ہاکی ٹیم کو کھلم کھلا دھمکیاں دی جا رہی ہیں، سوشل میڈیا پر پاکستان ہاکی ٹیم کی تصاویر لگا کر پاکستان ہاکی کھلاڑیوں کو دھمکایا جا رہا ہے۔ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ 27 اگست سے بھارت کے شہر راج گر میں ہوگا۔