مچئی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی جانب سے پیسکو سے 20کروڑ 71لاکھ کی رقم وصول نہیں کی جا سکی،آڈیٹرجننرل کی رپورٹ
پشاور (آئی این پی )محکمہ توانائی خیبرپختونخوا میں مالی بے ضابطگیوں کا بڑا انکشاف ہوا ہے۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی2023-24کی رپورٹ کے مطابق محکمہ توانائی میں تین ارب روپے سے زائد کی بے قاعدگیاں پائی گئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق مچئی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی جانب سے پیسکو کو فراہم کی جانے والی بجلی کے عوض 20کروڑ 71لاکھ روپے کی رقم تاحال وصول نہیں کی جا سکی۔اس کے علاوہ ملاکنڈ ہائیڈرو پراجیکٹ سے تین برسوں کے دوران نیشنل گرڈ کو فراہم کی گئی اربوں روپے کی پن بجلی کی رقم بھی صوبائی حکومت کو موصول نہیں ہوئی۔آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیشنل گرڈ سے تقریبا 2 ارب 80 کروڑ روپے کی ادائیگیاں ابھی تک نہیں ہو سکیں۔ رپورٹ میں صوبائی حکومت کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وفاق سے رابطہ کر کے بقایاجات کی وصولی کو یقینی بنائے۔