سری لنکا نے پاکستان کو شکست دے کر ٹی20 سیریز برابر کردی

لاہور(سپورٹس ڈیسک)سری لنکا نے 3 میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کے آخری میچ میں پاکستان کو 14 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔دمبولا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والا ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے میچ کا ٹاس بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوا تاہم پاکستانی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان بارش سے متاثرہ میچ 12، 12 اوورز تک محدود کردیا گیا۔سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کو جیت کے لیے 161 رنز کا ایک مشکل ہدف دے دیا۔میزبان ٹیم کے کپتان داسن شناکا نے 9 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 34 رنز بنائے، کوسل مینڈس نے 30، دھنانجیا ڈی سلوا نے 22، چریتھ اسالینکا نے 21 اور کامل مشرا نے 20 رنز بنائے اور ایک بڑا مجموعہ ترتیب دیدیا۔قومی ٹیم میں جگہ بنانے والے محمد وسیم نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کی تاہم اس کے لیے انہوں نے 3 اوورز کے کوٹے میں 54 رنز کی پٹائی برداشت کی، محمد نواز اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔پاکستان کا ہدف کے تعاقب میں آغاز ناقص ثابت ہوا اور اوپنر صاحبزادہ فرحان 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم اس کے بعد صائم ایوب اور کپتان سلمان آغا کے درمیان اچھی شراکت ہوئی اور اسکور 60 رنز تک پہنچا۔کپتان سلمان آغا نے انتہائی جارحانہ بیٹنگ کی اور 12 گیندوں کا سامنا کرکے 45 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔اس سے قبل پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-1 کی برتری سے جیت رکھی ہے جبکہ دوسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔