اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کے خلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت سول جج محمد مرید عباس نے کی۔
سماعت کے دوران جج نے کیس کی کارروائی اڈیالہ جیل میں کرنے کے لیے ہائیکورٹ کو مراسلہ ارسال کر دیا۔
دورانِ سماعت جج نے استفسار کیا کہ کیا یہ کیس آج سماعت کے لیے مقرر ہے؟ اس پر وکیل نے تصدیق کی کہ کیس آج لگا ہوا ہے۔ عدالت نے بتایا کہ دو سے تین سماعتیں قبل ہی ہائیکورٹ کو جیل ٹرائل کے لیے لکھا گیا تھا، لیکن تاحال جواب موصول نہیں ہوا۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ جیسے ہی ہائیکورٹ کی رپورٹ موصول ہوگی، کیس کو مزید کسی تاریخ کے لیے ملتوی کر دیا جائے گا۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
پسِ منظر
یہ کیس عمران خان کے خلاف اس وقت درج کیا گیا تھا جب انہوں نے ایک تقریب میں دورانِ تقریر خاتون جج زیبا چوہدری کے بارے میں متنازعہ بیان دیا تھا، جس پر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی تھی۔