پنجاب اسمبلی میں کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن کانفرنس کا کامیاب اختتام: غیر ملکی وفود کی وطن واپسی

پنجاب کی ثقافت ،سپیکر ملک احمد خان کی میزبانی ہمیشہ یاد رہے گی: سیکرٹری جنرل سی پی اے 

کانفرنس علاقائی پارلیمان کے درمیان ہم آہنگی و اقدار کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگی، سپیکر سری لنکا ، پاکستانی عوام نہایت پرامن اور مہمان نواز ہیں، ڈاکٹر کرسٹوفر کلیل 
پاکستان میں جمہوری ادارے مستحکم ہو رہے ہیں اور سی پی اے کانفرنس اس کی بہترین مثال ہے،ڈپٹی سپیکر برطانوی ہاؤس آف کامنز نصرت غنی 
 لاہور (سپیشل رپورٹر ) پنجاب اسمبلی میں منعقدہ پہلی مشترکہ ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا سی پی اے کانفرنس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی، جس کے بعد غیر ملکی مہمان اپنے وطن واپس روانہ ہوگئے۔ اس تاریخی کانفرنس میں 20 سے زائد اسمبلیوں کے 100 سے زائد پارلیمینٹیرینز نے شرکت کی۔ کانفرنس کے دوران ''چارٹر آف لاہور'' کی منظوری دی گئی، جس میں بہتر طرز حکمرانی، مساوی حقوق اور پائیدار ترقی کے فروغ سمیت دیگر اہم امور پر تعاون پر اتفاق کیا گیا۔سی پی اے ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرپرسن ڈاکٹر کرسٹوفر کلیلا، پارلیمنٹ آف سری لنکا کے سپیکر ڈاکٹر جگتھ وکرماراٹن، سری لنکا کے ڈپٹی منسٹر محمد ملافر منیر، برطانوی ہاؤس آف کامنز کی ڈپٹی سپیکر نصرت غنی، مالدیوز، ملائیشیا، سری لنکا اور دیگر ممالک کے سپیکرز، سینیٹرز اور سیکرٹریز سی پی اے کانفرس میں شرکت بعد وطن روانہ ہو گئے۔ برطانوی ہاؤس آف کامنز کی ڈپٹی سپیکر نصرت غنی نے وطن واپسی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی پارلیمانی سفارت کاری اور جمہوری اقدار کے فروغ کے عزم کو سراہتے ہیں۔پاکستان میں جمہوری ادارے مستحکم ہو رہے ہیں اور سی پی اے کانفرنس اس کی بہترین مثال ہے۔ پارلیمنٹ آف سری لنکا کے سپیکر ڈاکٹر جگتھ وکرماراٹن نے وطن واپسی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے پارلیمانی اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کا ایک اہم موقع ملا ہے، پنجاب اسمبلی میں منعقدہ یہ کانفرنس علاقائی پارلیمان کے درمیان ہم آہنگی اور پارلیمانی اقدار کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگی۔ سیکرٹری جنرل کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن ڈاکٹر کرسٹوفر کلیلا نے کانفرنس میں شرکت کے بعد اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستانی عوام نہایت پْرامن اور مہمان نواز ہیں جبکہ پنجاب کی ثقافت اورسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی میزبانی ہمیشہ یاد رہے گی۔ کانفرنس کے دوران مندوبین نے پنجاب اسمبلی اور لاہور کے تاریخی و ثقافتی مقامات کا بھی دورہ کیا اور شاندار انتظامات کو سراہا۔ کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر شرکاء نے پنجاب اسمبلی کے کردار کو بھرپور انداز میں تسلیم کیا اور یہاں گزارے گئے وقت کو یادگار قرار دیا۔