گوئٹے مالا میں مسافر بس کو خوفناک حادثہ ، 55افراد ہلاک، متعدد زخمی

بس پل کے حفاظتی جنگلے کو توڑتی ہوئی 20میٹر گہری کھائی میں جاگری، ہلاک ہونے والوں میں 36مرد اور 15خواتین شامل،صدرکا قومی سوگ کااعلان 
گوئٹے مالاسٹی (آئی این پی) وسطی امریکی ملک گوئٹے مالا میں مسافر بس کھائی میں جا گری، حادثے میں کم از کم 55افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گوئٹے مالا میں ایک مسافر بس پل کے حفاظتی جنگلے کو توڑتی ہوئی 20 میٹر گہری کھائی میں گری۔ خوفناک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 55 افراد ہلاک ہو گئے۔مسافر بس میں تقریبا ً75افراد سوار تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں 36مرد اور 15خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی مسافروں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ڈرائیور بس کا کنٹرول کھو بیٹھا تھا اور بس کئی چھوٹی گاڑیوں سے ٹکرا کر کھائی میں جا گری۔ یہ گوئٹے مالا میں حالیہ برسوں کا بدترین ٹریفک حادثہ قرار دیا جا رہا ہے۔گوئٹے مالا کے صدر نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔وزیر مواصلات نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بس 30 سال پرانی تھی لیکن اسے تاحال سڑک پر چلنے کی اجازت حاصل تھی۔دوسری جانب پبلک پراسیکیوٹر آفس نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔