بھارت: سابقہ اہلیہ و سسرالیوں کی 3 کروڑ کی مانگ سے تنگ شخص نے خودکشی کرلی

 نئی دہلی (آئی این پی )بھارت میں آٹوموبائل کمپنی کے ایک ایگزیکٹو نے سابقہ اہلیہ اور سسرالیوں کی جانب سے تین کروڑ روپے کی مانگ سے تنگ آکر خودکشی کرلی۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست کرناٹکا میں پیش آیا جہاں 34 سالہ شخص سبھاش اتل نے اپنی جان لے لی۔سبھاش اتل کی اہلیہ نکیتا سنگھانیہ سے علیحدگی ہوگئی تھی، طلاق کیلئے دونوں نے فیملی کورٹ سے رجوع کیا جہاں بیٹے سے ملاقات اور طلاق کا کیس جاری تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بیوی اور سسرال والوں نے کیس کو ختم کروانے پر 3 کروڑ اور بچے سے ملاقات پر 30 لاکھ کی ڈیمانڈ کر رکھی تھی۔اس حوالے سے سبھاش اتل کے بھائی بیکاس کمار نے بتایا کہ عدالت میں پیشی کے دوران اہلیہ اور  ساس سمیت دیگر گھر والے اسے رقم ادا نہ کرنے پر ہراساں کرتے تھے اور مر جانے کا کہتے تھے جس پر سبھاش نے تنگ آکر خودکشی کرلی۔سبھاش نے موت سے قبل 24 صفحات پر مشتمل ایک نوٹ بھی لکھا تھا جس میں اس نے پولیس کی جانب سے غلط الزام لگانے، گھریلو تشدد کے ساتھ ساتھ مردوں کیلئے لڑنے والی غیر سرکاری تنظیم سے ملاقات کے حوالے سے بھی بتایا۔