ڈولفن فورس کو ملزموں کی ٹارگٹڈ گرفتاریوں کا حکم

 کرائم ہاٹ سپاٹس پر پٹرولنگ بڑھانے ،جشن آزادی سکیورٹی کیلئے ہدایات
 لاہور(کرائم رپورٹر) ایس پی ڈولفن بلال احمد کی زیر صدارت ڈولفن ہیڈکوارٹرز والٹن میں ڈویڑنل سپروائزری افسران اور سیکٹر انچارجز کا خصوصی کرائم میٹنگ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کرائم کی روک تھام، مؤثر پٹرولنگ اور جشن آزادی کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ بلال احمد نے ڈی آئی جی آپریشنز کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ 15 کی کال پر ڈولفن و پی آر یو کا بروقت رسپانس اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کرائم ہاٹ سپاٹس پر پٹرولنگ بڑھانے، سٹریٹ کرائم، روڈ رابری، سنیچنگ اور جھپٹا کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے ٹیموں کو مزید متحرک کرنے کی ہدایت کی۔ ایس پی ڈولفن نے پولیس ایپ کے ذریعے سٹریٹ کریمنلز، اشتہاری و مفرور ملزمان کی ٹارگٹڈ گرفتاریوں اور اسلحہ، منشیات، ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی اور ون ویلنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ غفلت و لاپروائی پر متعلقہ افسران جوابدہ ہوں گے، جبکہ شہریوں سے بدسلوکی، کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔