غزہ :اسرائیلی حملوں میں پانچ صحا فیوں سمیت 57 فلسطینی شہید

 غذائی قلت کے باعث 100 بچوں سمیت 217 فلسطینی موت کے منہ میں جا چکے
 غزہ (آئی این پی )غزہ میں تازہ  اسرائیلی حملوں میں   الجزیرہ کے پانچ صحا فیوں سمیت مزید 57 فلسطینی شہید ہوگئے۔اسرائیلی فوج نے غزہ  شہر کے الشفا ہسپتال کے قریب اسرائیلی ٹارگٹڈ حملے کئے ۔عرب میڈیا رپورٹس کیمطابق اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر مسلسل حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور  غزہ کی پٹی پر معصوم فلسطینیوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 52 فلسطینی شہید ہوگئے۔اس کے علاوہ اسرائیل کے جبری قحط کے باعث غذائی قلت سے اموات میں بھی اضافہ ہوا ہے اور غذائی قلت کے باعث 100 بچوں سمیت 217 فلسطینی موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ نے کہا ہے کہ غزہ شہر کے الشفا ہسپتال کے قریب اسرائیلی ٹارگٹڈ حملے میں الجزیرہ کے پانچ صحافی شہید ہو گئے ہیں۔الجزیرہ  مطابق نامہ نگار انس الشریف اور محمد قرائیا کے علاوہ کیمرہ مین ابراہیم ظہیر، محمد نوفل اور مومین علیوا ہسپتال کے مرکزی دروازے پر صحافیوں کے لیے بنے ایک خیمے میں تھے جب اس خیمے کو نشانہ بنایا گیا۔منیجنگ ایڈیٹر الجزیرہ محمد معوض نے بی بی سی کو بتایا کہ انس الشریف ایک جانے پہچانے صحافی تھے جو غزہ کی پٹی میں دنیا کے لیے واحد آواز تھے، انہیں ان کے خیمے میں نشانہ بنایا گیا، وہ فرنٹ لائن سے کوریج نہیں کر رہے تھے۔۔اسرائیل نے غزہ میں پوری جنگ کے دوران بین الاقوامی صحافیوں کو آزادانہ رپورٹنگ کرنے کی اجازت نہیں دی لہذا بہت سے صحافتی ادارے کوریج کے لیے غزہ کے اندر مقامی رپورٹرز پر انحصار کرتے ہیں۔محمد معوض کا کہنا ہے کہ حقیقت یہ ہے کہ اسرائیلی حکومت غزہ کے اندر سے رپورٹنگ کرنے والے کسی بھی چینل کی کوریج کو خاموش کرنا چاہتی ہے، یہ وہ چیز ہے جو میں نے جدید تاریخ میں پہلے نہیں دیکھی تھی، 28 برس کے الشریف نے اپنی موت سے چند لمحے پہلے ایکس پر غزہ شہر میں شدید اسرائیلی بمباری سے متعلق خبر دی تھی۔۔فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کے مطابق اکتوبر 2023 سے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں صیہونی فوج نے کھیلوں کے 288 میدان، اسٹیڈیم، جم اور کلب تباہ کیے۔گزشتہ دنوں پیلے آف فلسطین کے نام سے مشہور فلسطین کے معروف فٹبالر سلیمان العبید بھی غزہ میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے۔فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کے مطابق 22 ماہ میں اسرائیلی حملوں میں اب تک 662 فلسطینی کھلاڑی اور اسپورٹس عہدے دار شہید ہوئے ہیں ۔اس کے علاوہ غزہ میں فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کا ہیڈکوارٹرز بھی اسرائیلی بمباری سے تباہ ہو گیا ہے ۔