تاوان منور نامی شخص سے طالبان کے نام پرخط کے ذریعے مانگا گیا،بم میں ریت بھری تھی ،تحقیقات شروع
بہاولپور(آئی این پی )پنجاب کے ضلع بہاولپور میں 20 لاکھ روپے تاوان کی وصولی کیلئے ایک گھر میں رکھا گیا بم نقلی ثابت ہوا۔پولیس ذرائع کے مطابق گورنمنٹ کوآپریٹو ہائوسنگ کالونی میں گھروں کی کنسٹرکشن کرنے والے منور نامی شخص کے گھر میں بم رکھ کر بذریعہ خط 20 لاکھ روپے تاوان مانگا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق بم کی اطلاع نامعلوم ذرائع سے بھیجے گئے خط کے ذریعے دی گئی اور خط کی تحریر میں طالبان کے نام پر 20 لاکھ روپے تاوان کی ڈیمانڈ کی گئی تھی جب کہ رقم گھریلو ملازم کے ذریعے بھجوانے کا لکھا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گھر میں رکھے گئے بم کی اطلاع ملنے پر تمام ادارے متحرک ہوگئے، پولیس، سول ڈیفنس اور بم ڈسپوزل سکواڈ سمیت دیگر سکیورٹی ادارے موقع پر پہنچ گئے تاہم چیک کرنے پر بم نقلی نکلا۔پولیس کا بتانا ہے کہ بم میں صرف ریت بھری ہوئی تھی اور نقلی بم پر ڈیجیٹل سکرین بھی نصب کی گئی تھی جس کے بعد پولیس نے برآمد شدہ نقلی بم قبضے میں لے کر مزید تحقیقات شروع کردی۔