امریکا اور بھارت تجارتی رکاوٹیں ختم کرنے کے لیے مذاکرات کا آغاز کریں گے: ڈونلڈ ٹرمپ

امریکا اور بھارت تجارتی رکاوٹیں ختم کرنے کے لیے مذاکرات کا آغاز کریں گے: ڈونلڈ ٹرمپ

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور بھارت نے تجارتی رکاوٹیں ختم کرنے کے لیے باقاعدہ مذاکرات شروع کر دیے ہیں۔

 یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ مہینوں میں دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی دیکھی گئی تھی۔صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر بیان میں کہا کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی سے آنے والے ہفتوں میں بات چیت کے منتظر ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ امریکا اور بھارت کے لیے کامیاب تجارتی نتائج حاصل کرنا مشکل نہیں ہوگا۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی اس پیش رفت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی بات چیت کے منتظر ہیں۔

مودی نے کہا کہ امریکا اور بھارت قدیم دوست اور فطری شراکت دار ہیں، اور یہ مذاکرات دونوں ممالک کے درمیان تجارتی شراکت داری کے وسیع امکانات کو فروغ دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی ٹیمیں مذاکرات کو جلد مکمل کرنے پر کام کر رہی ہیں تاکہ عوام کے روشن مستقبل اور خوشحالی کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں امریکا اور بھارت کے تعلقات کشیدہ رہے ہیں۔ امریکا نے بھارت پر پہلے ہی 50 فیصد ٹیرف عائد کر رکھا ہے، جبکہ صدر ٹرمپ نے متعدد بار وزیراعظم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ ٹرمپ نے کہا تھا کہ بھارت نے محصولات صفر کرنے کی پیشکش کی ہے، لیکن یہ فیصلہ بہت تاخیر سے کیا گیا۔ اسی دوران انہوں نے بھارت کا دورہ بھی منسوخ کر دیا تھا۔