حکومت نے گھریلو استعمال کیلئے نئے گیس کنکشن پر عائد پابندی اٹھالی

وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے  گیس کنکشن دیئے جائیں گے، گیس کنکشن نہ ہونے سے جو مشکلات تھیں اب وہ دور ہو جائیں گی:طارق فضل چودھری
عوام کی سہولت کیلئے آر ایل این جی کے نئے کنکشنز کا اجرا ء کیا جائے گا، آر ایل این جی درآمدی ایل پی جی سے 35 فیصد تک سستی ہوگی:علی پرویز ملک

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے گھریلو استعمال کیلئے نئے گیس کنکشنز پر عائد پابندی اٹھالی۔وفاقی وزرا ء علی پرویز ملک اور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ،علی پرویزملک نے کہا کہ وفاقی کابینہ کیاجلاس میں اہم فیصلے ہوئے، کابینہ اجلاس میں میجرعدنان اسلم شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔علی پرویز ملک نے کہا  ہم دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہیں، سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔انہوں نے کہا  عوام کی سہولت کے لیے آر ایل این جی کے نئے کنکشنز کا اجرا کیا جائے گا، آر ایل این جی درآمدی ایل پی جی سے 35 فیصد تک سستی ہوگی۔
طارق فضل چودھری نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں سیلاب کی صورتحال اور نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، وفاقی کابینہ نے فوری موسمیاتی ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔طارق فضل چودھری نے کہا  2021 سے گھریلو صارفین کے گیس کنکشن پر پابندی عائد تھی،  وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ گیس کنکشن دیئے جائیں گے، گیس کنکشن نہ ہونے سے جو مشکلات تھیں اب وہ دور ہو جائیں گی۔