ملتان کے علاقے جلالپور پیروالا میں پرائیویٹ کشتیوں نے سیلاب متاثرین کو لوٹنا شروع کر دیا‘لوگ جانے بچانے کیلئے پیسے دینے پر مجبور ہو گئے:میڈیا رپورٹ
نجی کشتیوں کو تحویل میں لے کر سرکاری ریسکیو آپریشن کا حصہ بنایا جائے‘ متاثرہ علاقوں سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ریسکیو کیا جائے:ڈپٹی کمشنر کی ہدایت
ملتان (آئی این پی‘یو این پی) ملتان کے علاقے جلالپور پیروالا میں پرائیویٹ کشتیوں نے سیلاب متاثرین کو لوٹنا شروع کر دیا۔پرائیویٹ کشتیوں کے مالکان نے کشتی کے ایک چکر کا ریٹ 40 ہزار سے1 لاکھ روپے تک کر دیا۔ایک ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق انتہائی خراب صورتحال کی وجہ سے سیلاب متاثرین جان بچانے کے لیے پیسے دینے پر مجبور ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ پہلے ہم ڈوبے پڑے ہیں، ہم پر مزید ظلم کیا جا رہا ہے۔ایک متاثرہ شخص نے کشتی والے سے تکرار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر ظلم نہ کرو جس پر کشتی والے نے متاثرہ شخص کو جواب دیا کہ میں پیٹرول کے پیسے لے رہا ہوں۔دوسری جانب ریسکیو کے ذرائع کے مطابق نجی کشتی کے مالکان کی جانب سے متاثرین سیلاب سے زائد رقم لینے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں، متاثرہ علاقوں میں پھنسے لوگوں نے نجی کشتی مالکان کی زائد کرائے سے متعلق شکایت کی تھی۔ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنرنے نجی کشتیاں تحویل میں لے کر سرکاری ریسکیو آپریشن کا حصہ بنانے کی ہدایت کردی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقوں سے کشتیوں کے ذریعے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ریسکیو کیا جائے۔