پختونخوا کی وزارت اعلیٰ مولانا کی سرپرائز انٹری فضل الرحمن
اپوزیشن کو اپنا وزیرا علیٰ لانے کیلئے 20 ارکان کی ضرورت ،فضل الرحمن سرگرم ہوگئے،،گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات،سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ، اس وقت فلور کراسنگ ایکٹ نافذ نہیں: اختیار ولی
پشاور ( مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختونخواہ میں علی امین گنڈا پور کے استعفے کے بعد پشاور سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا، پی ٹی آئی کے پاس اکثریت ہیں تاہم اپوزیشن کو اپنا وزیرا علیٰ لانے کیلئے 20 ارکان کی ضرورت ہے، اہم ترین پیشرفت یہ ہے مولانا فضل الرحمن بھی سرگرم ہو گئے ماہرین ان کی انٹری کو سرپرائز قرار دے رہے ہیں۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال اور امن و امان کے معاملات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا میں جاری آپریشنز، سیکیورٹی چیلنجز، اور وزیراعلیٰ کے استعفے کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی دوسری طرف خیبرپختونخوا میں اپوزیشن نے وزیراعلیٰ کیلئے مشترکہ امیدوار لانے کا اعلان کردیا ‘ن لیگ کے رہنما اختیار ولی خان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی، جے یو آئی، اے این پی اور دیگر جماعتیں مل کر وزیراعلی کیلئے اپنا امیدوار لائیں گی۔اختیار ولی کا کہنا تھا کہ اس وقت فلور کراسنگ ایکٹ نافذ نہیں، ماضی میں پی ٹی آئی نے دوسری جماعتوں کے لوگ توڑ کر کہا کہ ان کا ضمیر جاگ گیا، اب دیکھتے ہیں کتنے لوگوں کا ضمیر جاگتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ہارنے کیلئے نہیں بلکہ جیتنے کیلئے امیدوار کھڑا کرے گی، اگر ہمیں مینڈیٹ اور وزارتِ اعلی کے لیے حمایت ملی تو انکار نہیں کریں گے وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزیراعلی ہائوس خالی کردیا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور نے فیصلہ کیا تھا وہ آبائی گائو ں چلے جائیں گے۔ دوسری طرف پارلیمانی پارٹی اجلاس میں بھی علی امین گنڈاپور نے وزیر اعلی ہائو س سے جانے کی بات کی تھی۔ ذرائع نے مزید بتایا علی امین گنڈاپور کے جانے کے بعد وزیراعلی ہائو س خالی رہ گیا ہے۔ علی امین گنڈاپور ڈی آئی خان اپنے اہل خانہ کے پاس پہنچ گئے پہنچ گئے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، علی امین نے پارٹی ارکان اسمبلی کو پشاور میں رہنے کی ہدایت کردی۔ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور نے کہا کہ گورنر غلط بیانی کر رہے ہیں کہ ان کو استعفیٰ نہیں ملا، استعفیٰ گورنر ہائوس میں جمع کروایا گیا جس کا ریکارڈ موجود ہے۔ذرائع کے مطابق نامزد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ علی امین میرے بڑے ہیں ان سے رہنمائی لوں گا۔