صدر زرداری سب کے بڑے ہیں، پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں سہولت کاری کی ایاز صادق

پارلیمنٹ کو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں‘اپوزیشن لیڈر کے تقرر کے  حوالے سے  ابھی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی:سپیکر قومی اسمبلی
ٹی ایل پی سے مذاکرات جاری، پرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی،ٹرمپ کو نوبل امن انعام ملنا چاہیے تھا:راناا ثناء اللہ
اسلام آباد (آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء  اللہ  کے  ساتھ پا رلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا  ہے صدر مملکت آصف علی زرداری سب کے بڑے ہیں  اور پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)  کے درمیان بات چیت میں انہوں نے سہولت کاری کا کردار  ادا کیا۔ایاز صادق نے کہا  مذاکرات کے نتائج کے بارے میں صرف اتنا کہیں گے کہ اللہ  تعالیٰ بہتری کرتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کسی نے قانون سازی کا بائیکاٹ نہیں کیا، البتہ بعض اراکین کا مؤقف ہے  بل مشاورت سے پیش کیے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ نجی بل پیش کرنے سے قبل مشاورت ضروری ہے ۔سپیکر نے کہا کہ پارلیمنٹ کو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں۔اپوزیشن لیڈر کے تقرر کے بارے میں ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ابھی اس حوالے سے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ، تاہم طے شدہ  آئینی طریقہ کار  پر عمل کیا جائے گا۔وزیراعظم کے مشیر  رانا ثناء  اللہ نے کہا کہ  دونوں جانب سے بیان بازی روکنے کی ہدایت کی گئی ہے  کیونکہ یہ رویہ مناسب نہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ بیان بازی نہیں ہوگی، تاہم معافی مانگنے کی ضرورت نہیں۔رانا ثناء اللہ نے انکشاف کیا کہ پی ٹی آئی کے دو اراکین ہمارے ساتھ کافی پینے آئے تھے ، سیاست میں اختلافات کے باوجود تعلقات قائم رہنے چاہئیں۔انہوں نے کہا   پرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جا سکتی ، البتہ حکومت  تحریک لبیک  کے ساتھ معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل امن انعام ملنا چاہیے تھا