جب تک تمام ملزمان پورے نہیں ہوتے، اب کیس روزانہ کی بنیاد پر ہوگا، عدالت
اسلام آباد(آئی این پی ) خاور مانیکا تشدد کیس میں ملزمان پی ٹی آئی حامی وکلا کے خلاف فرد جرم آج (بدھ کو) عائد ہوگی۔انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں خاور مانیکا پر تشدد کے خلاف پی ٹی آئی کے حامی وکلا کے کیس کی سماعت جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ دوران سماعت عدالت نے فرد جرم کے لئے آج 11نومبر کی تاریخ مقرر کردی۔سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے حامی وکلا نے لمبی تاریخ دینے کی استدعا کی، جس پر جج طاہر عباس نے کہا کہ آپ لوگوں نے تماشا بنا لیا ہے، پیش ہی نہیں ہوتے۔ جب تک تمام ملزمان پورے نہیں ہوتے، اب کیس روزانہ کی بنیاد پر ہوگا۔جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دئیے کہ کبھی پنجوتھا صاحب فاتحہ پر ہوتے ہیں، کبھی کوئی کہیں۔ اس پر وکلا صفائی نے کہا کہ سر ہم روزانہ پیش ہوتے ہیں، جو روزانہ پیش ہوتے ہیں ان کا کیا قصور ہے؟جج طاہر عباس نے کہا کہ جو پیش ہو رہے ہیں وہ بھی ہمراہی ملزمان ہیں۔ آپ کل فرد جرم عائد کروا لیں، اگلی تاریخ مناسب دے دوں گا۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت آج (بدھ ) تک ملتوی کردی۔