پاکستان اپنامستقبل خود تعمیر کرے گا شہبازشریف
یہ منصوبہ پاکستان کو صاف، قابل اعتماد اور سستی بجلی فراہم کرنے کی ضمانت ہے‘ توانائی کا تحفظ عوام اور معیشت کے لئے انتہائی اہم ہے‘ ماحول کے تحفظ کے ساتھ معاشی ترقی ہماری ترجیح ہے
پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک میں شامل‘ ترقی کی بنیاد امن، سلامتی اور استحکام ہے‘ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے ملک میں امن و استحکام کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے
پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے‘ پاکستان چین کے صدر شی جن پنگ اور حکومت چین کا شکر گزار ہے:چشمہ فائیو منصوبے سے متعلق تقریب سے خطاب
میانوالی(مانیٹرنگ ڈیسک)) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے چشمہ 5 منصوبے کا مقررہ وقت سے پہلے اہم سنگ میل عبور کرنا باعث فخر ہے، پاکستان اپنی محنت، لگن اور انتھک کوششوں سے اپنا مستقبل خود تعمیر کرے گا۔چشمہ فائیو منصوبے سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا چشمہ 5 پاکستان کا سب سے بڑا جوہری بجلی گھر ہے اور ملک کا ساتواں جوہری بجلی گھر ہوگا، جس کی تعمیر میں چین نے پاکستان کی مدد کی ہے۔انہوں نے کہا یہ منصوبہ پاکستان کو صاف، قابل اعتماد اور سستی بجلی فراہم کرنے کی ضمانت ہے۔ توانائی کا تحفظ عوام اور معیشت کے لیے انتہائی اہم ہے، جبکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ ماحول کے تحفظ کے ساتھ معاشی ترقی ہماری ترجیح ہے۔وزیراعظم نے کہا پاکستان کی ترقی کی بنیاد امن، سلامتی اور استحکام ہے۔ مسلح افواج نے ملک میں امن و استحکام کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا۔ فیلڈ مارشل کی متحرک قیادت میں مسلح افواج نے معرکہ حق میں جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔شہباز شریف نے معیشت کی بحالی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی حمایت کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ پاکستان چین کے صدر شی جن پنگ اور حکومت چین کا شکر گزار ہے۔ چینی انجینئرز نے پاکستانی ماہرین کے شانہ بشانہ کام کیا۔ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔ سی پیک کا دوسرا مرحلہ دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید مضبوط کرے گا۔