ای کامرس، آن لائن بینکنگ، ڈیلیوری سسٹم اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائینگی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) وزارتِ مواصلات نے پاکستان پوسٹ آفس کو ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں تیزی لانے اور ای کامرس سمیت جدید آن لائن خدمات شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت نے ابتدائی مرحلے میں ملک کے 500 ڈاکخانوں کو جدید کمپیوٹرائزڈ نظام سے منسلک کرنے کا منصوبہ تیار کرنے کا حکم دیا ہے۔ منصوبے کے تحت ڈاکخانوں میں ای کامرس، آن لائن بینکنگ، ڈیلیوری سسٹم اور صارفین کے لیے دیگر ڈیجیٹل سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ وزارتِ مواصلات نے پاکستان پوسٹ آفس سے بجٹ تخمینہ، سفارشات اور منصوبہ بندی کی تفصیلات جلد از جلد جمع کرانے کی ہدایت کی ہے تاکہ ڈاکخانوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان پوسٹ کو عالمی معیار کے مطابق فعال، شفاف اور تیز رفتار سروس فراہم کرنے والے ادارے میں تبدیل کرنا ہے۔