26ویں ترمیم کے مسودے پر بانی پی ٹی آئی کے بھی دستخط ہیں(خورشید شاہ)

مسودے پر مولانا فضل الرحمن کے دستخط نہیں ہیں مگر اس ترمیم کے مسودے کی تیاری اور تحریر پر انہوں نے حمایت کی تھی 
مولانا فضل الرحمن بانی پی ٹی آئی سے ملنے جیل چلے جائیں، ہم سہولت کار بنیں گے، یہ نوجوانوں کے لئے اچھا پیغام ہوگا
سکھر(آئی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے 26ویں آئینی ترمیم محترمہ کا ایک خواب تھا تاکہ ادارے آزاد اور خودمختار ہوں، 26 ویں ترمیم بانی پی ٹی آئی سمیت کسی کے خلاف نہیں۔سکھر میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا 2006 میں اس مسودے پر کام ہوا، اس وقت کسی کو معلوم نہیں تھا بانی پی ٹی آئی بھی کبھی وزیر اعظم بنیں گے، بانی پی ٹی آئی اس وقت سیاسی طور پر نابالغ تھے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ اس ترمیم کے مسودے پر بانی پی ٹی آئی کے بھی دستخط ہیں، مولانا کے دستخط نہیں ہیں مگر اس کے مسودے کی تیاری اور تحریر پر انہوں نے حمایت کی تھی۔صحافی نے سوال کیا کہ سنا ہے مولانا فضل الرحمان بانی پی ٹی آئی سے ملنے جیل جا رہے ہیں، جس پر خورشید شاہ نے کہا کہ اللہ کرے مولانا فضل الرحمان بانی پی ٹی آئی سے ملنے جیل چلے جائیں، ہم سہولت کار بنیں گے، مولانا کی جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہو اور تصویر جاری ہو، یہ نوجوانوں کے لیے اچھا پیغام ہوگا۔خورشید شاہ نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ عمران خان اپنی تقاریر میں مولانا کے لیے کیا کہتے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی اچھی بات ہے امید ہے امریکہ پاکستان تعلقات مزید بہتر ہونگے۔ بانی پی ٹی آئی کے متعلق فیصلہ پاکستان کی عدالتیں کریں گی۔