مصروفیت اور تھکن کے باعث ایسا ہوا، تنقید کا خیرمقدم ہے:بیٹے یوسف جمیل کی وضاحت
لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک) سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ مولانا طارق جمیل نے ایک بچے سے مصافحہ نہیں کیا، جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کی جا رہی تھی۔ اب اس معاملے پر ان کے بیٹے یوسف جمیل نے تفصیلی وضاحت پیش کی ہے۔یوسف جمیل نے انسٹاگرام پر ویڈیو بیان میں کہا کہ تنقید ہر انسان کا حق ہے اور اس واقعے کو بھی تنقیدی نظر سے دیکھا جا رہا ہے، تاہم دوسری طرف صورتحال کو بھی سمجھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا طارق جمیل دن بھر مصروف رہتے ہیں، سینکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں افراد سے ملاقات اور مصافحہ کرتے ہیں، جس سے جسمانی اور ذہنی تھکن پیدا ہو سکتی ہے۔انہوں نے وضاحت کی کہ یہ واقعہ رمضان المبارک کی ایک رات کا ہے جب ختمِ قرآن کی تقریب میں مولانا طارق جمیل شریک تھے۔ اس دن ان کی روزے اور عبادات کے باعث معمول کی روٹین سے ہٹ کر مصروفیت تھی، جس کی وجہ سے ممکن ہے کہ وہ تھکن کے باعث مصافحہ نہ کر سکے ہوں۔یوسف جمیل کے مطابق مذکورہ بچہ بھی مدرسے سے تعلق رکھتا ہے اور مولانا طارق جمیل وہاں پہلے بھی کئی بار جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شخصیات کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر بہت زیادہ ملاقاتیں ہوتی ہیں، اس لیے انسانی طور پر کبھی کبھار تھکن کا اثر آ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تنقید ضرور کی جائے مگر شخصیت، عمر اور مقام کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ مولانا طارق جمیل اور ان کا خاندان ہمیشہ مثبت اور تعمیری تنقید کا خیرمقدم کرتے ہیں۔