ایران میں پھنسے مزید 14 پاکستانی شہری آزربائیجان پہنچ گئے

 سفارت خانے نے12 افراد کو پاکستان روانہ کرنے میں بھی معاونت کی
باکو(آئی این پی)آزربائیجان میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران میں پھنسے مزید 14 پاکستانی شہری آزربائیجان پہنچ گئے ہیں۔آزربائیجان میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آج یعنی منگل کے روز 14 پاکستانی شہریوں کو آستارا کے مقام سے ایران سے آزربائیجان پہنچایا گیا۔ تاہم سفارت خانے کی جانب سے ان میں سے 12 افراد کو پاکستان روانہ کرنے میں بھی معاونت کی۔پاکستانی سفارت خانے کی جانے سے جاری ایکس پر بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم آذربائیجان کی حکومت کے شکر گزار ہیں کہ وہ پاکستانی شہریوں کے محفوظ انخلا میں مسلسل تعاون فراہم کر رہی ہے۔واضح رہے کہ آستارا ایران کے صوبہ گیلان کا ایک سرحدی شہر ہے جو بحیرہ کیسپین کے کنارے اور آذربائیجان کی سرحد پر واقع ہے۔ یہ ایران اور قفقاز کے درمیان ایک اہم تجارتی مرکز بھی ہے۔