پاکستان کی افغانستان میں کارروائی،4 اہم اہداف تباہ، 26دہشت گرد ہلاک

 دہشت گردوں کے ٹھکانوں، تربیتی مراکز اور اسلحہ ذخائر کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا‘ کمانڈرز علیم خان خوشالی اور اختر محمد جانی خیل سے منسلک مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا
ملک میں امن و استحکام کیلئے ہر ممکن اقدام جاری رکھا جائیگا‘سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے  دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں:وزیر اطلات
راولپنڈی(آئی این پی )پاک افغان سرحدی علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کر کے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 26 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر  کہا  انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں، تربیتی مراکز اور اسلحہ ذخائر کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا، کارروائیوں میں چار اہم اہداف مکمل طور پر تباہ کئے گئے جن میں ایک بڑا تربیتی مرکز اور اسلحہ گودام شامل ہیں، فتنہ الخوارج کے اہم کمانڈرز علیم خان خوشالی اور اختر محمد جانی خیل سے منسلک مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ ملک میں امن و استحکام کیلئے ہر ممکن اقدام جاری رکھا جائے گا، شہریوں کی حفاظت ریاست کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی خطرے کا سخت جواب دیا جائے گا۔عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں بھرپور رفتار سے جاری ہیں، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔