دہشت گردوں نے ضلع شمالی وزیر ستان سے داخل ہونے کی کوشش کی، پاک فوج نے پیشہ وارانہ مہارت سے دہشت گردوں کا 36 گھنٹے تک مقابلہ کیا،دراندازی کو ناکام بنادیا
بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کو بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دینگے:آصف زرداری‘ دہشتگردی کے خاتمے تک عزم استحکام مہم جاری رہے گی: شہباز شریف
راولپنڈی،اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن )پاک فوج نے افغانستان سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 15 دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق دہشت گردوں نے ضلع شمالی وزیر ستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی، پاک فوج نے دہشت گردوں کی کوشش ناکام بنا دی، پیشہ وارانہ مہارت سے دہشت گردوں کا 36 گھنٹے تک مقابلہ کیا۔پاک فوج کے موثر آپریشن میں بھارتی فتنہ الخوارج کے 15 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، صدر مملکت آصف علی زرداری،وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے قریب پاک افغان سرحد پر فتنتہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے اور 15 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت، صبر اور جرا ت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک سیکیورٹی فورسز کی انسدادِ دہشت گردی کی عزمِ استحکام مہم پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوے کہا وطنِ عزیز کی سرحدوں کے دفاع اور امن و استحکام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کا عزم قابلِ تحسین ہے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا فورسز نے پاک افغان سرحد پر دراندازی ناکام بنا کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔ بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ قوم کو سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرات پر فخر ہے۔ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔