66 شہروں میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز

سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام 2050 تک کی ضروریات سامنے رکھ کر بنایا گیا: وزیر بلدیات ذیشان رفیق 
 لاہور (خصوصی رپورٹ)وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا چیف منسٹر پنجاب سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام شہروں کی 2050 تک کی ضروریات سامنے رکھ کر بنایا گیا ہے۔ نئے مالی سال سے 66 شہروں میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز ہو جائے گا۔ سول سیکرٹریٹ میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی طرز پر کچی گلیوں کو پختہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کے ایم ڈی سید زاہد عزیز نے سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام پر بریفنگ دی۔ وزیر بلدیات نے کہا اس میگا پراجیکٹ کے تحت شہروں میں اندرونی رابطہ سڑکوں کی مرمت کے ساتھ سیوریج سسٹم بھی بنایا جائے گا۔ لائننگ والے سیور پائپ کا استعمال کیا جائے گا جو سو سال تک موثر رہتا ہے۔ برساتی پانی کا نکاس اور سٹوریج اس پروگرام کا خاص جزو ہے۔ اگلے مرحلے میں مزید 110 شہروں کو دائرہ کار میں لایا جائے گا۔ وزیر بلدیات نے ڈپٹی کمشنرز کو سٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا پراجیکٹ کے لئے صرف ای ٹینڈرنگ کے ذریعے کنٹریکٹ دئیے جائیں۔ انہوں نے زور دیا گلیوں، سڑکوں کی تعمیر سے پہلے گیس اور بجلی کمپنیاں اپنا ترقیاتی کام مکمل کرلیں۔ پراجیکٹ مکمل ہونے کے بعد کھدائی یا توڑپھوڑ کی اجازت نہیں ہوگی اور اس کے لئے ڈپٹی کمشنر کا این او سی ضروری قرار دیا گیا ہے۔