رجیم چینج کہاں سے آئی، یہ سب کو معلوم ہے:اسد قیصر

 اگر پوری دنیا بانی کیخلاف ہے تو اس لئے کہ انہوں نے اسلاموفوبیا کیخلاف جرات مندانہ آواز اٹھائی
 صوابی(آن لائن)مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سلیم خان، صوابی میں واقع دینی درسگاہ جواہر الاسلام کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یہ رجیم چینج کہاں سے آئی، یہ آپ سب کو معلوم ہے۔ اگر پوری دنیا پی ٹی آئی کے بانی کے خلاف ہے تو اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ انہوں نے اسلاموفوبیا کے خلاف جرات مندانہ آواز اٹھائی۔انہوں نے اقوامِ متحدہ میں مسلمانوں کا مقدمہ پوری قوت سے پیش کیا اور دنیا کو بتایا کہ جب حضور ﷺ کی شان میں گستاخی کی جاتی ہے تو پوری امتِ مسلمہ کو دکھ پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پالیسی بالکل واضح ہے کہ پاکستان ایک خودمختار ملک ہے، نہ ہم کسی دوسرے ملک میں مداخلت کرتے ہیں اور نہ ہی کسی کو اپنے معاملات میں مداخلت کی اجازت دیتے ہیں۔ پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے اور دنیا کو اس کی خودمختاری کا احترام کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی ضمیر کے قیدی ہیں، ہم جو تحریک شروع کر رہے ہیں اس کا مقصد پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی، عدلیہ کی آزادی، پارلیمان کی خودمختاری اور بے گناہ سیاسی قیدیوں کی رہائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ مفلوج ہو چکی ہے اور پارلیمان میں وہ نمائندے نہیں بیٹھے جو عوام کا اصل مینڈیٹ رکھتے ہوں۔ ووٹ کسی اور کو پڑتا ہے اور جیت کسی اور کی ہوتی ہے۔ انہوں نے علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے اس ناانصافی کے خلاف ہماری جدوجہد کا ساتھ دیں اورخان کی رہائی کے لیے مل کر کوشش کریں۔