ڈیجیٹل میڈیا پاک چین تعلقات میں ثقافتی و ترقیاتی پل بن چکا ہے: عطاء تارڑ

ڈیجیٹل میڈیا پاک چین تعلقات میں ثقافتی و ترقیاتی پل بن چکا ہے: عطاء تارڑ

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا پاکستان اور چین کے درمیان نئی راہداری بن چکا ہے، جو ثقافت، دوستی اور ترقی کو جوڑنے کا ذریعہ ہے۔

 وہ چین میں ایک فورم سے خطاب کر رہے تھے۔عطاء تارڑ نے کہا کہ چین کو ہم ہمیشہ اپنا آہنی بھائی کہتے آئے ہیں، ہماری سرحدیں، پہاڑ اور دریا بھی ایک دوسرے سے جڑے ہیں، جبکہ پاکستان وادی سندھ کی عظیم تہذیب کا وارث ہے اور اس تہذیب کا آغاز چین سے ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قدیم شاہراہِ ریشم آج پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی شکل اختیار کر چکی ہے، جو صرف تجارت ہی نہیں بلکہ تہذیبوں کو جوڑنے اور دوستی کو مضبوط بنانے کا راستہ ہے۔عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ تہذیبیں ہمارے صوفی شعرا اور ہنر مندوں کے ذریعے نئی نسل کے خیالات میں زندہ ہیں۔ نوجوان اس ورثے کی نئی تعمیر کر رہے ہیں، اور ہمیں انہیں نئی سوچ اور تناظر کے ساتھ آگے بڑھنے کا موقع دینا ہوگا۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان اور چین کی شراکت داری صرف حکومتی سطح تک محدود نہیں رہی بلکہ ریاستی سطح پر نشریاتی اداروں کے درمیان بھی تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ اب دونوں ممالک مشترکہ ڈاکومنٹریز اور فلم سازی کے منصوبوں پر بھی کام کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک ایسے پُرامن مستقبل کے خواہاں ہیں جہاں پانی کو ہتھیار بنانے کے بجائے امن کا ذریعہ سمجھا جائے۔ مستقبل اب ڈیجیٹل روابط میں ہے اور ہم نے اپنے ثقافتی ورثے کو ڈیجیٹائز کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔