ٹک ٹاکر حمیرا اصغرکی لاش6ماہ پرانی نکلی:ڈی آئی جی

فلیٹ سے ملنے والے  کھانے پینے کے سامان پر زائد المیعاد  کی تاریخ 2024 کی  درج ہے
 موبائل میں آخری میسج ٹیکسی ڈرائیور کا تھا‘ فلیٹ کے مالک سے بھی2024میں رابطہ ہوا تھا
کراچی (آئی این پی) کراچی کے علاقہ ڈیفنس فیز 6 سے اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ملنے کے بعد سے شروع کی گئی تحقیقات کے نتیجے میں نئی معلومات سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔اس حوالے سے ڈی آئی جی ساتھ اسد رضا نے کہا ہے کہ لاش ممکنہ طور پر 6 ماہ پرانی ہے، فلیٹ سے ملے کھانے پینے کے سامان پر زائد المیعاد  کی تاریخ 2024 کی ہے۔ڈی آئی جی ساتھ نے بتایا کہ اداکارہ کے فون ریکارڈ میں بھی آخری میسجز اکتوبر 2024 کے ہیں، ادکارہ کے موبائل فون میں آخری میسج آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اداکارہ کے گھر کی بجلی بھی کافی عرصے سے منقطع تھی، حمیرا اصغر کا فلیٹ کے مالک سے آخری رابطہ بھی 2024 میں ہوا تھا۔اسد رضا کا کہنا تھا کہ مزید تفتیش کے لیے پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے جس میں ایک سے دو روز لگ سکتے ہیں، قانونی کارروائی کے بعد لاش سرد خانے منتقل کی گئی ہے۔