کرپشن پر پاکستان کا سکور ایک درجہ بہتری کے ساتھ 28 تک پہنچ گیا ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل

 پاکستان میں نہ صرف پبلک سیکٹر اور انتظامی بدعنوانی بلکہ قانون ساز اداروں اور عدلیہ میں بدعنوانی کے اعشاریوں میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی
اسلام آباد(آئی این پی )ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کرپشن پر سیپشن انڈیکس (سی پی آئی 2025 )جاری کردیا۔ 2024 کے مقابلے میں پاکستان کا مجموعی سکور ایک درجہ بہتری کے ساتھ 28 تک پہنچ گیا۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی تازہ رپورٹ میں پاکستان نے ایک درجہ بہتری کے ساتھ 136 ویں پوزیشن حاصل کی ہے، 2025 میں بھی گزشتہ چار سالوں کی گڈ گورننس اور مسلسل ادارہ جاتی اصلاحات کی وجہ سے پاکستان کے مجموعی سکور میں اضافے کا رجحان برقرار رہا۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں نہ صرف پبلک سیکٹر اور انتظامی بدعنوانی بلکہ قانون ساز اداروں اور عدلیہ میں بدعنوانی کے اعشاریوں میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔ 2024 کے مقابلے میں 2025 میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں 2 مزید ممالک کا سروے بھی شامل کیا، 2024 میں 180 جبکہ 2025 میں 182 ممالک کا سروے کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق 2021 سے 2025 تک پاکستان میں بدعنوانی کے تاثر میں نمایاں کمی نوٹ کی گئی جبکہ گزشتہ 4 سالوں میں پاکستان کی پوزیشن میں 4 درجہ بہتری آئی۔