تحریک انصاف نے لاہور سمیت پورے پنجاب میں احتجاج کا فیصلہ کرلیا، پارٹی رہنمائوں کو تیار رہنے کی ہدایت

 PTI پنجاب میں پلان بی تیار
مینار پاکستان کے علاوہ کسی دوسرے مقام پر جلسہ نہ کرنے کا فیصلہ، لاہورکے لبرٹی چوک ،مال روڈ اور آزادی چوک پراحتجاج ہوگا، ارکان اسمبلی اور رہنمائوں کو اپنے اپنے علاقے میں سرگرم رہنے کی ہدایت جاری 
لاہور( کرائم رپورٹر ) پنجاب میں تحریک انصاف نے پلان بی تیار کرلیا ہے ،تحریک انصاف نے لاہور سمیت پورے پنجاب میں احتجاج کا فیصلہ کرلیاتاہم تاریخ کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا پاکستان تحریک انصاف نے مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہ ملنے پر پورے پنجاب میں احتجاج کا فیصلہ کیا ہے، پی ٹی آئی نے مینار پاکستان کے علاوہ کسی دوسرے مقام پر جلسہ نہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے، پاکستان تحریک انصاف نے مینار پاکستان پر جلسے کے معاملے میں اجازت نہ ملنے پر پلان بی مرتب کرلیا پارٹی ذرائع نے پارٹی رہنمائوں او ر اراکین اسمبلی کو اپنے اپنے علاقوں میں احتجاج ریکارڈ کرانے کی ہدایات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔اسی طرح صوبائی دارالحکومت لاہورکے لبرٹی چوک ،مال روڈ اور آزادی چوک پراحتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے اس کے علاوہ لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔تمام ٹکٹ ہولڈرز کو یہ بھی ہدایات دی جائیںگی کہ وہ اپنے اپنے حلقے سے لوگوں کو احتجاج میں شرکت کو یقینی بنائیں۔ واضح رہے کہ چند روز قبل لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو مینار پاکستان پر جلسے کرنے کی اجازت دینے سے انکار کیا تھاجس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیاگیا تھا جس کے مطابق ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی کی تجاویز کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا گیا تھا کہ سیکیورٹی خدشات پر پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔