بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی پیرس آمد پر کشمیریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور بھارت کے نام نہاد جمہوری چہرے کو بے نقاب کردیا۔
فرانس کی فضا آزادیِ کشمیر کے نعروں سے گونج اٹھی۔ پیرس کی سڑکوں پر مظاہرین نے "مودی دہشت گرد، دہشت گرد" کے نعرے لگائے اور بھارتی حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔احتجاجی مظاہرے کی قیادت ڈیموکریٹک فورم فرانس کے صدر آصف جرال کر رہے تھے۔ مظاہرین نے پاکستانی پرچم اور بھارت مخالف کتبے اٹھا رکھے تھے، جن پر بھارتی مظالم بند کرو اور کشمیر کو آزادی دو جیسے نعرے درج تھے۔حریت رہنما عبدالحمید لون نے احتجاج کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا گیا ہے، جہاں قابض بھارتی فوج کشمیریوں پر مسلسل ظلم و ستم کر رہی ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور پُرامن جدوجہد کو دبانے کے لیے طاقت کا بے دریغ استعمال کر رہا ہے۔کشمیری مظاہرین نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کے مظالم کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دلوانے میں کردار ادا کرے۔