خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ ، گولہ وبارود ،دھماکا خیز مواد برآمد
صدر ،وزیراعظم کا کامیاب آپریشن پر فورسز کوخراج تحسین
اسلام آباد، راولپنڈی (خصوصی رپورٹ)بلوچستان کے علاقے ڑوب میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 15 خوارج کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع ڑوب کے علاقے سمبازہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران خوارج کے مقام پر مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا، اس دوران فائرنگ کے نتیجے میں 15 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ہلاک ہونے والے خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ضلع مانسہرہ کے رہائشی 32سالہ سپاہی عارف الرحمان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں موجود کسی اور خارجی کو بے اثر کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع ڑوب میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آپریشن کے دوران دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے سپاہی عارف الرحمن شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا۔ وزیراعظم نے کہاکہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔