وراثتی معاملات پر کھلی کچہری سے شہریوں کو قانونی مدد

 ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ اوز کو فوری کارروائی کی ہدایات دیں
 لاہور (کرائم رپورٹر)کھلی کچہری وراثتی معاملات میں شہریوں کو قانونی رہنمائی اور معاونت کا ذریعہ بن گئی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز کے دفتر میں شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہریوں کا انعقاد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ کھلی کچہری میں شہریوں نے اپنے مسائل پیش کیے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے وراثتی مقدمات میں شہریوں کو لڑائی جھگڑوں سے بچانے کے لیے ایس ایچ اوز کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کھلی کچہری کے دوران ہراسگی، جھگڑوں اور گھریلو تنازعات پر فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو مؤثر احکامات بھی جاری کیے۔فیصل کامران نے کہا کہ عوام کو تحفظ اور قانونی راہنمائی فراہم کرنا پولیس کا فرض ہے۔ شہریوں کو کہا گیا ہے کہ شکایات کا ازالہ نہ کرنے والے ایس ایچ اوز کے بارے آگاہ کریں کیونکہ تھانے میں بروقت شنوائی نہ کرنے والے افسران کی جوابدہی بھی کی جائے گی۔